چیمپئنز ٹرافی پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، بھارتی میچ آفیشلز کا پاکستان آنے سے انکار
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی امپائر اور میچ ریفری شامل نہیں ہوں گے، کیونکہ دو نمایاں بھارتی آفیشلز نے پاکستان میں میچوں میں امپائرنگ سے معذرت کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفری جواگل سریناتھ اور امپائر نتن مینون نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان میں ہونے والے میچز میں فرائض انجام دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا کہ نتن مینون نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان جانے سے معذرت کر لی ہے۔ چونکہ ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق بھارت کے میچوں میں غیر جانبدار امپائرز کی موجودگی لازمی ہے، اس لیے وہ دبئی میں ہونے والے بھارتی میچز میں بھی امپائرنگ نہیں کر سکتے، جس کی وجہ سے وہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔
چیمپئینز ٹرافی کا سیمی فائنل کونسی ٹیمیں کھیلیں گی؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی
دوسری جانب، جواگل سریناتھ، جو اس وقت بھارت اور انگلینڈ کے درمیان وائٹ بال سیریز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، نے تصدیق کی کہ وہ طویل عرصے تک گھر سے دور رہنے کے باعث چھٹی پر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر، دسمبر اور جنوری میں مسلسل مصروفیات کے باعث انہوں نے آرام کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی نے بدھ کے روز چیمپئنز ٹرافی کے آفیشلز کا اعلان کیا تھا، جس میں بھارتی آفیشلز کی غیر موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ چونکہ بھارت اپنے تمام میچز بشمول سیمی فائنل اور فائنل (اگر کوالیفائی کرتا ہے) دبئی میں کھیلے گا، اور غیر جانبدار آفیشلز کی شرط موجود ہے، اس لیے بھارتی آفیشلز کا ایونٹ سے باہر ہونا یقینی ہو گیا ہے۔
اسی طرح کا ماڈل مستقبل کے ان آئی سی سی ایونٹس میں بھی لاگو ہوگا جو بھارت میں ہوں گے، جہاں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کس ٹیم نے جیتے؟
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 12 رکنی امپائرز پینل میں آئی سی سی کے امپائر آف دی ایئر رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل بورو، مائیکل گف، پال رائفل، کرس گفنی اور کمار دھرما سینا شامل ہیں، جبکہ احسن رضا اس پینل میں واحد پاکستانی امپائر ہیں۔
ٹورنامنٹ کے میچ ریفریز میں ڈیوڈ بون، رنجن مدوگالے اور اینڈریو پائیکرافٹ شامل ہیں۔
آئی سی سی کے سینئر مینیجر آف امپائرز اینڈ ریفریز شان ایزی نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ یہی مقصد ہوتا ہے کہ کسی بھی ایونٹ کے لیے موزوں اور بہترین آفیشلز کو نامزد کیا جائے، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ گروپ پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والے میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔