Aaj News

ہمارے مذاکرات ختم ہوچکے، بیرسٹر گوہر

ہم مذاکرات چھپ کر نہیں کریں گے بلکہ کھل کر کریں گے، بیرسٹر گوہر
شائع 28 جنوری 2025 03:22pm

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گوہرعلی خان کا کہنا ہے کہ ہماری ایک ہی مذاکراتی کمیٹی بنی تھی اور مذاکرات ایک ہی جگہ ہو رہے تھے، کہیں اور مذاکرات نہیں ہو رہے تھے۔

انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کھلے دل کے ساتھ ان کے ساتھ بیٹھے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ ہم 26 ویں ترمیم کے خلاف باقی حزب اختلاف کی جماعتوں سے ملیں گے اور عدالتوں میں جانے سمیت ہرقسم کی جدوجہد اور احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی آنا چاہے تو حکومتی مذاکراتی کمیٹی 31 جنوری تک محدود رہے گی، عرفان صدیقی

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گوہرعلی خان نے کہا کہ علی امین کو ہٹانے کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ علی امین کا پیغام آیا تھا اور انہوں نے خود ملاقات میں بتایا کہ ان پر کام کا بہت زیادہ بوجھ ہے اور ان کی نیند پوری نہیں ہو رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کی مرضی سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے، اور علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کے حوالے سے صرف ڈس انفارمیشن پھیلائی جا رہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

پیکا ایکٹ سینیٹ سے بھی منظور، پی ٹی آئی اراکین کی ایوان میں ہنگامہ آرائی، صحافیوں کا واک آؤٹ

بیرسٹر گوہرعلی خان نے تحریک انصاف میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم مذاکرات چھپ کر نہیں کریں گے بلکہ کھل کر کریں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمارے یہی مذاکرات ہیں جو اب ختم ہو چکے ہیں۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Barrister Gohar Ali Khan

PTI Government Talks