Aaj News

کولمبیا میں منشیات فروش گینگز کے درمیان تصادم میں 80 سے زائد افراد ہلاک

پُرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کا جینا محال
اپ ڈیٹ 20 جنوری 2025 08:49am

کولمبیا میں منشیات فروش گینگز کے درمیان تصادم میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دو جرائم پیشہ گروپ کیٹا ٹمبو علاقے پر قبضے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس دوران پُرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔ کشیدگی کے باعث علاقے میں غذائی قلت اور ہزاروں افراد کے بے گھر ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق کولمبیا کی نیشنل لبریشن آرمی (ای ایل این) نے شمال مشرقی علاقے کیٹا ٹمبو ریجن میں جمعرات کو مخالف گروپ ریولوشنری آرمد فورسز آف کولمبیا (ایف اے آر سی) کے اراکین کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔

غزہ جنگ بندی کا آغاز: 3 اسرائیلیوں کے بدلے 90 فلسطینی قیدی رہا

نورٹے ڈی سینٹینڈر کے گورنر ولیم ویلامیزار نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں عام شہری بھی پھنسے ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 80 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درجنوں افراد زخمی ہیں اور کشیدگی کے دوران 5 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور مذکورہ علاقے میں انسانی بنیاد پر حالات سنگین صورت حال اختیار کرنے کا خدشہ ہے اور علاقے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بدترین حالات کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے دستیاب ہر طرح کی سواری اور یہاں تک کہ پیدل سفر کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہفتے کو ہلاکتوں کی تعداد 60 بتائی گئی تھی، جن میں ایف اے آر سی کے سابق 7 جنگجو بھی شامل تھے، یہ ہلاکتیں وینزویلا کی سرحد کے ساتھ کوکین کی پیداوار کے مشہور پہاڑی خطے میں ہوئی تھیں۔

آج غزہ میں بندوقیں خاموش ہوگئیں، امریکی صدر بائیڈن

کولمبیا کے سرکاری اداروں کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد میں کمیونٹی لیڈر کارمیلو گوریرو اور امن معاہدے پر دستخط کرنے والے 7 افراد بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق علاقے سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی کی اور کئی افراد پہاڑی علاقوں میں پناہ لیے ہوئیں اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

کولمبیا کی فوج نے بتایا کہ علاقے میں سیکیورٹی کے نفاذ کے لیے 5 ہزار سے زائد فوجی اہلکار روانہ کردیے گئے ہیں۔

Colombia

National Liberation Army (ELN)

Catatumbo