امریکی انتخابات کے نوسٹراڈیمس نے کملا ہیرس کی فتح کی پیش گوئی کردی

کملا کو ٹرمپ کے مقابلے میں 5 کے مقابلے میں 8 کلیدوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔
شائع 05 ستمبر 2024 08:50pm

امریکی انتخابات کے حوالے سے نوسٹراڈیمس کا سا درجہ رکھنے والے پیش گو ایلن لِچمین نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کی کامیابی یقینی ہے۔ ایلن لِچمین ”13 کیز ٹو دی وائٹ ہاؤس“ ماڈؒل استعمال کرکے پیش گوئی کرتے ہیں اور اب اُن کی بیشتر پیش گوئیاں بالکل درست ثابت ہوئی ہیں۔

ایلن لِچمین نے جو ماڈل استعمال کرتے ہوئے کملا ہیرس کی فتح کی پیش گوئی کی ہے اس کے تحت کملا ہیرس کے حصے میں 8 جبکہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حصے میں 5 مثبت کلیدیں آئی ہیں۔

نیو یارک ٹائمز کے لیے ایک وڈیو انٹرویو میں ایلن لِچمین نے کہا کہ کملا ہیرس ہی اگلی امریکی صدر ہوں گی۔ صدارتی انتخاب 5 نومبر کو ہوگا۔ انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ سیاسی درجہ حرارت بلند ہوتا جارہا ہے۔

ایلن لِچمین نے چار عشرون کے دوران کامیاب پیش گوئیاں کی ہیں۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کی کامیابی کی بھی پیش گوئی کی تھی جبکہ بیشتر سیاسی تجزیہ کار اس حوالے سے پورے تیقن کے ساتھ کوئی بات کہنے سے گریز کرتے رہے تھے۔

ایلن لِچمین نے امریکن یونیورسٹی میں پانچ عشروں تک تاریخ پڑھائی ہے۔ انہوں نے تاریخ حقائق کی بنیاد پر وائٹ ہاؤس تک لے جانے والی 13 کلیدوں کا ماڈل یا طریقہ وضع کیا ہے۔ اس طریقے کو بروئے کار لاتے ہوئے پورے تیقن سے انتخابی نتائج کے بارے میں پیش گوئی کی جاسکتی ہے۔

اس طریقے کے تحت 13 سوالات کیے جاتے ہیں جو صحیح یا غلط کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ اگر 6 یا زیادہ سوالوں کے جواب کسی امیدوار کے خلاف جارہے ہوں تو ایلن لِچمین اُس کی شکست کی پیش گوئی کرتے ہیں۔