چیچن لیڈر رمضان قادروف توپ والا ٹیسلا ٹرک چلانے لگے

روس روسی فوج کے حوالے کریں گے، ایلون مسک کو روس آنے کی دعوت دے دی۔
شائع 19 اگست 2024 06:50pm

روس کے نیم خود مختار علاقے چیچنیا کے لیڈر رمضان قادروف آج کل ایک ایسا ٹیسلا ٹرک چلا رہے ہیں جس پر توپ لگی ہوئی ہے۔ اس ٹرک پر اُن کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔

رمضان قادروف کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹرک کو یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کے حوالے کریں گے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک کو روس کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔

رمضان قادروف نے توپ سے لیس ٹیسلا ٹرک چیچن جمہوریہ کے دارالحکومت گروزنی کی سڑکوں پر چلایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر اُن کے چینل پر اس حوالے سے تصویریں اور ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں۔

ایلون مسک کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے چیچن لیڈر نے انہیں آج کا ایک بہت بڑا عبقری (جینیس) قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایلون مسک عہدِ جدید کے رجحانات کو بہت اچھی طرح جانتے اور سمجھتے ہیں۔

رمضان قادروف روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سب سے بڑے حامیوں میں سے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر ایلون مسک روس آکر گروزنی کا دورہ کرتے ہیں تو روسی وزارتِ خارجہ کو اس پر کوئی اعتراض نہ ہوگا۔