کنٹینر شپ میں دھماکا، چین کی بندرگاہ لرز کر رہ گئی

جہاز تائیوان کمپنی کا تھا، دھماکے کا ارتعاش ایک کلومیٹر تک محسوس کیا گیا۔
شائع 09 اگست 2024 07:28pm

دنیا کی مصروف ترین سمجھی جانے والی چینی بندرگاہ پر ایک کنٹینر شپ میں بڑا دھماکا ہوا ہے۔ تائیوان نے اس دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکا اِتنا شدید تھا کہ بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچا لرز کر رہ گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی میڈیا نے بتایا ہے کہ شنگھائی کے جنوب میں واقع ننگبو ژوشان نامی بندرگاہ پر ہونے والا دھماکا اِتنا شدید تھا کہ ارتعاش ایک کلومیٹر دور تک محسوس کیا گیا۔ دھماکے کے وقت اس جہاز کے نزدیک سے لائبیریا کا پرچم بردار جہاز گزر رہا تھا۔ وہ جہاز محفوظ رہا۔

ریسکیو ورکرز نے بتایا ہے کہ اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ جس جہاز میں دھماکا ہوا ہے وہ تائیوان کی کنٹینر شپنگ کمپنی یانگ مِنگ میرین ٹرانسپورٹ کی ملکیت تھا۔

ژیجیان پراونشل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایڈمنسٹریشن نے بتایا ہے کہ جس جہاز پر دھماکا ہوا اُس پر خطرناک مواد لدا ہوا تھا تاہم مواد کی نوعیت کی صراحت نہیں کی گئی۔