بچی کی ہلاکت کا باعث بننے والے کتے کا مالک گرفتار

مہاراشٹر کے شہر تھانے کے بازار میں عمارت سے کتا تین سالہ بچی پر گرا تھا۔
شائع 09 اگست 2024 06:56pm

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں پولیس نے ایک کتے کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔ تھانے کے ایک بازار میں ماں کے ساتھ گزرنے والے بچی پر عمارت سے کتا گرگیا تھا جس کے نتیجے میں بچی ہلاک ہوگئی تھی۔

بچی کی موت کے بعد 24 سالہ ظہیر سید کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کتے کو ٹیرس پر باندھا گیا تھا۔ وہ آزاد ہونے کی کوشش میں کامیاب ہوا اور ٹیرس سے کود گیا اور بچی پر جا گرا۔

کتے کے گرنے پر بچی شدید زخمی ہوئی۔ اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ علاج کے دوران چل بسی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر جتیندر اوہد کا کہنا ہے کہ کتے کو جان بوجھ کر پھینکا گیا تھا۔ بچی کے والدین کو پولیس میں رپورٹ سے روکنے کے لیے دھمکایا بھی جارہا تھا۔