شدید کنوارے نے شادی کا سوال کر کے دکھتی رگ پر ہاتھ رکھنے والے پڑوسی کی جان لے لی

پڑوسی بار بار سوال کرتا تھا کہ 45 سال کے ہوگئے ہو مگر شادی کیوں نہیں کی؟ قاتل کا پولیس کو بیان
شائع 05 اگست 2024 10:23pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

شادی سے متعلق مختلف خبریں سننے کو ملتی ہیں مگر انڈونیشیا میں شادی کے سوال کو لے ایک شخص نے دوسرے شخص کی جان لے لی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے قتل کا یہ واقعہ انڈونیشیا کے شمالی سماٹرا میں 29 جولائی کو پیش آیا جہاں مقتول کی شناخت اسگیم ایریانتو کے نام سے ہوئی جو سرکاری ریٹائرڈ ملازم تھا۔

واقعہ کچھ یوں پیش آیا جب زائد العمر شخص اسگیم ایریانتو نے اپنے 45 سالہ پڑوسی سے صرف اتنا ہی پوچھا کہ شادی کب کرو گے؟

بس اس سوال نے دکھتی رگ پر ہاتھ رکھنے کا کام کیا اور اس نے طیش میں ریٹائرڈ ملازم کے گھر میں گھس کر اسے قتل کر دیا۔

مقتول اسگیم ایریانتو کی اہلیہ نے انڈونیشین پولیس کو بیان میں بتایا کہ حملہ آور نے گھر کا دروازہ توڑا اور اس کے شوہر پر لکڑی کے ٹکڑے سے حملہ کرنا شروع کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مجرم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے پرانے پڑوسی کو موت کے گھاٹ اتارنے کا جرم اس لیے کیا کیونکہ وہ اس بات سے دکھی تھا کہ وہ اس سے اکثر شادی نہ ہونے پر سوال کرتا تھا اور کہتا تھا کہ میں 45 سال کی عمر میں ابھی تک غیر شادی شدہ کیوں ہوں۔