امریکا نے 3 بھارت نژاد کینیڈین منشیات اسمگلرز کی حوالگی مانگ لی

آیش شرما، گرمرت سدھو اور شُبھم کمار کو ایف بی آئی اور کینیڈین پولیس نے مل کر گرفتار کیا
شائع 03 فروری 2024 10:45am

امریکا اور کینیڈا کے اداروں نے مل کر کی جانے والی کارروائی میں 3 بھارت نژاد کینیڈین باشندوں سمیت ایک ڈرگ کارٹیل کے 10 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کارروائی میں منشیات کی بڑی کھیپ بھی ضبط کی گئی۔ امریکا نے بھارت نژاد کینیڈین باشندوں کی حوالگی بھی طلب کی ہے۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کو کوکین اور ہیروئن فراہم کرنے والی اس ڈرگ کارٹیل کے کارندوں کو امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی اور رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس کے کمبائنڈ فورسز اسپیشل انفورسمنٹ یونٹ نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا۔

آپریشن ڈیڈ ہینڈ کے نام سے کی جانے والی یہ کارروائی انٹرنیشنل وارنٹ کے تحت تھی۔

جن بھارت نژاد کینیڈین باشندوں کی حوالگی امریکا نے مانگی ہے ان میں 25 سالہ آیش شرما، 60 سالہ گرمرت سدھو اور 29 سالہ شُبھم کمار شامل ہیں۔ تینوں کا تعلق کینیڈا کے علاقے کیلگری سے ہے۔

گروپ لیڈر گرمرت سدھو تھا جو تینوں ملکوں کو میھمفیٹامائن اور دیگر نشہ آور اشیا کی سپلائی کو مانیٹر کرتا تھا۔ یہ شخص گروپ سے وابستہ افراد کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھتا تھا تاکہ وہ متعلقہ ممالک کو سپلائی جاری رکھ سکیں۔