Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

مولوی عبدالکبیر افغانستان کے نئے وزیراعظم مقرر

مولوی عبدالکبیر ملا محمد حسن اخوند کی جگہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے
شائع 18 مئ 2023 10:01am
فوٹو۔۔۔۔۔ خامہ پریس
فوٹو۔۔۔۔۔ خامہ پریس

مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کے نئے وزیراعظم مقرر کردیا گیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے سپریم لیڈر ملاہیبت اللہ اخوند زادہ نے مولوی عبدالکبیر کو نیا عبوری وزیراعظم مقرر کیا۔

مولوی عبدالکبیر ملا محمد حسن اخوند کی جگہ وزارت عظمیٰ کا منصب عارضی طور پر سنبھالیں گے۔

ترجمان کے مطابق ملا محمد حسن کو خرابی صحت کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے اور ان کے صحت یاب ہونے تک نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر طالبان حکومت کے سربراہ کے طور پر کام کریں گے۔

افغان خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر اعظم کے سیاسی امور کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل پریس محمد حسن حق یار نے بھی مولوی عبدالکبیر کو عبوری وزیر اعظم بنانے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ اگست 2021 میں افغانستان میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے ہی ملا محمد حسن اخوند طالبان حکومت کے عبوری وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

مولوی عبدالکبیر کون ہیں؟

مولوی عبدالکبیر کا تعلق مشرقی پکتیکا صوبے سے ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق زردان قبیلے سے ہے۔

انہوں نے طالبان کی سابقہ حکومت میں سن 1996سے 2001 کے درمیان ننگرہار کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔

خامہ پریس ایجنسی کے مطابق سن 2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد وہ پشاور کونسل کے سربراہ کے طورپر کام کرتے رہے۔

مولوی عبدالکبیر طالبان کے اس گروپ کے سینیئر اراکین میں سے ایک ہیں جس نے قطر میں طالبان کی امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں ہی امریکہ اور طالبان کے دوحہ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد مولوی عبدالکبیر کو ابتدا میں ملا حسن کا اقتصادی معاون اور پھر طالبان کے وزیر اعظم کا سیاسی نائب مقرر کیا گیا۔

afghanistan

Maulvi Abdul Kabir

interim Afghanistan PM

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div