Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات غیر قانونی قرار، تفصیلی فیصلہ جاری

عدالت نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی تباہی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2022 05:14pm
اسلام آبادہائیکورٹ نے وزارت دفاع کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
اسلام آبادہائیکورٹ نے وزارت دفاع کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ،عدالت نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی تباہی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات غیر قانونی قرار دینے سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے کہا کہ ماحولیاتی اور قدرتی نظام کا تحفظ ریاست اور اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، نیشنل پارک کی تباہی شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی گالف کورس کی تعمیرغیر قانونی قراردیتے ہوئے وزارت دفاع کو انکوائری کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سیکرٹری دفاع کو فرانزک آڈٹ کرا کے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا بھی حکم دیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے نیشنل پارک کی 8068 ایکڑ اراضی پر پاک فوج کے ڈائریکٹوریٹ کا ملکیتی دعویٰ بھی مسترد کرتےہوئے پاک فوج کے فارمز ڈائریکٹوریٹ کا مونال ریسٹورنٹ کے ساتھ لیز معاہدہ بھی غیر قانونی قرار دے دیا۔

105 صفحات پر مشتمل فیصلے میں اسلام آباد انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کو بھی حصہ بنایا گیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ریاست اور حکومتی عہدیداران کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کا تحفظ کریں،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مارگلہ ہلز کے محفوظ نوٹیفائیڈ ایریا کی بے حرمتی میں ریاستی ادارے کا ملوث ہونا ستم ظریفی ہے، پاک بحریہ اور پاک فوج نے قانون اپنے ہاتھ میں لے کر نافذ شدہ قوانین کی خلاف ورزی کی، یہ قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے اور اشرافیہ کی گرفت کا ایک مثالی کیس تھا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے اقدامات کرے تاکہ اسے مزید تباہی سے بچایاجا سکے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 11 جنوری 2022 کو اس کیس کا مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔

Islamabad High Court

Chief Justice Athar Minallah

margalla hills national park

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div