اسٹیو اسمتھ کا نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کے ساتھ معاہدہ
آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کی پاکستان سپر لیگ میں انٹری ہوگئی ہے۔ پی ایس ایل فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائن کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹر نے بہتر آفر اور مینجمنٹ دیکھ کر سیالکوٹ کے ساتھ ڈائریکٹ سائن کیا، اسٹیو اسمتھ نے حال ہی میں بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلین کپتان ٹم پین کو سیالکوٹ اسٹالینز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر نئے ہیڈ کوچ کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے تاریخ کی مہنگی ترین ٹیم خریدنے کا اعزاز او زیڈ گروپ نے اپنے نام کیا، جس نے سیالکوٹ کی فرنچائز کے مالکانہ حقوق 185 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے حاصل کیے۔
سیالکوٹ اسٹالینز پی ایس ایل 11 کی دو نئی ٹیموں میں سے ایک ہے، اس ٹیم کو او زیڈ ڈیویلپرز نے خریدا ہے، ٹیم کا آفیشل نام سیالکوٹ اسٹالینز رکھا گیا ہے تاکہ شہر کی پرانی کرکٹ وراثت کو زندہ کیا جا سکے۔