اپ ڈیٹ 31 جنوری 2026 11:11am

لاہور میں بسنت سے پہلے ہی گلے پر ڈور پھرنے کے واقعات، نوجوان اور بچہ زخمی

لاہور میں بسنت کی آمد سے پہلے ہی پتنگ بازی کے خطرناک اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گلے پر ڈور پھرنے کے واقعات میں ایک نوجوان اور ایک کم عمر بچہ زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔

تازہ واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ گجومتہ میں پیش آیا، جہاں فیصل منظور نامی نوجوان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق فیصل منظور کے گلے پر 14 ٹانکے لگائے گئے ہیں، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

اسی طرح گزشتہ روز لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں بھی پتنگ بازی کے دوران ڈور پھرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

دس سالہ محمد مصطفیٰ آفندی ویلنشیا ٹاؤن کے ایل بلاک پارک میں اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے پر پتنگ اڑانے والی ڈور پھر گئی۔

یہ واقعہ شام تقریباً سات بجے پیش آیا، اس وقت اندھیرا ہو چکا تھا۔

خوش قسمتی سے بچے کو معمولی کٹ لگا اور وہ سنگین زخم سے محفوظ رہا۔ طبی امداد کے بعد بچے کو اسی شام ڈسچارج کر دیا گیا۔

ویلنشیا واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کی نشاندہی کرنے اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے اور صرف طے شدہ دنوں میں ہی اس کی اجازت دی جاتی ہے۔

فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی ایک جان لیوا جرم ہے، جس پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پابندی پر عملدرآمد نہ کروانے والے افسران بھی جوابدہ ہوں گے۔

Read Comments