ایران میں کشیدگی: 51 طالب علم سمیت 60 سے زائد پاکستانی گوادر پہنچ گئے
ایران میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے باعث پاکستانی طلبا اور شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے تحت آج مزید 60 سے زائد پاکستانی شہری ایران سے واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایران سے واپس آنے والے 60 سے زائد پاکستانی شہری چاہ بہار کے راستے گوادر پہنچے ہیں، گوادر پہنچنے والے ان افراد میں 51 طالب علم بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ طلبہ ایران کی زنجان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس میں زیرتعلیم تھے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ ایران کی موجودہ صورت حال کے بعد اب تک تقریباً 200 پاکستانی شہری گوادر پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واپس آنے والے طلبا اور دیگر شہریوں کے عارضی قیام کے لیے گوادر میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق گوادر پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کو ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 10 جنوری کو حکومت پاکستان نے ایران میں موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔ جس میں دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستانی شہری موجودہ حالات کے باعث ایران کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور صورت حال معمول پر آنے تک سفر مؤخر کر دیں۔