بنوں: پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا گیا
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نالہ کاشو پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی بزدلانہ کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نالہ کاشو پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے نالہ کاشو میں واقع پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے دو اطراف سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ شروع کی، تاہم چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مورچہ سنبھال لیا اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھرپور مزاحمت کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے اور فرار ہو گئے۔ حملے کے دوران پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت چوکس ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔