ایبٹ آباد: ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں پیشرفت، مزید 2 ملزمان گرفتار
ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں پولیس کو مزید کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث 2 مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ کے اغوا کے بعد قتل کیس میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 2 مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ہلاک ملزم شمریز کا بیٹا حسنین اور فیصل شامل ہیں۔ ملزم فیصل نے عادل کےساتھ مل کر گڑھا کھود کر ڈاکٹر وردہ کی لاش دفنائی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
گزشتہ روز ملزم عادل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 164 کا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اقبالِ جرم کیا تھا۔ ملزم نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم شمریز نے اسے گڑھا کھودنے کا کہا، جس پر اس نے فیصل نامی شخص کے ساتھ مل کر گڑھا کھودا اور ڈاکٹر وردہ کی لاش کو دفنایا۔
ملزم عادل کے بیان کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی شازمان کالونی میں واقع ایک گھر میں کی گئی۔ ڈاکٹر وردہ کیس میں اب تک 7 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جب کہ ایک ملزم شمریز پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔
پولیس کی تفتیش کے مطابق مقتولہ نے 2023 سے اپنی سہیلی کے پاس تقریباً 67 تولے سونا رکھوایا ہوا تھا، جسے واپس دینے کے بہانے انہیں ساتھ لے جایا گیا اور قتل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ مقتولہ ڈاکٹر وردہ کو انکی سہیلی رِدا جدون کے اسپتال سے ساتھ لے جانے کے بعد اغوا کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر ڈاکٹر وردہ کی لاش برآمد کرکے کیس کی تفتیش کا آغاز کیا تھا، جو تاحال جاری ہے۔