یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 18 افراد ہلاک
یونان میں تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جہاں جنوب مشرقی کریٹ کے ساحل کے قریب ربڑ کی کشتی الٹنے سے 18 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد کو زندہ بچالیا گیا۔ امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
یونان کے جنوب مشرقی حصے میں واقع جزیرے کریٹ کے قریب ہفتے کے روز ایک ربڑ کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی۔ کشتی میں کم از کم 20 تارکینِ وطن سوار تھے جو حادثے کے نتیجے میں سمندر میں جا گرے۔ حکام نے 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
یونان کے قریب ایک اور کشتی سمندر برد، 71 افراد ڈوب گئے، تارکین وطن میں 23 پاکستانی بھی شامل
جزیرہ کریسی کے جنوب میں گزرنے والے ایک ترک تجارتی جہاز نے حادثے کا شکار کشتی کو دیکھا اور فوری طور پر حکام کو اطلاع دی۔ واقعے کے مقام سے دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اسپین کشتی حادثہ : 12 پاکستانیوں کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا انکشاف
امدادی کارروائیوں میں یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کا ایک جہاز، ایک طیارہ، ایک ہیلی کاپٹر اور تین تجارتی بحری جہاز شامل ہیں، جو لاشوں اور ممکنہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو سرد خانے منتقل کیا جارہا ہے، جہاں شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کشتی شمالی افریقہ سے آکر یونانی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھی۔
سانحے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اور سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔