شائع 26 نومبر 2025 02:13pm

190 ملین پاؤنڈ کیس: جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ درخواست گزار کو سن لیا گیا ہے اور اس پر جلد حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ معاملہ ہائی کورٹ کی انسپکشن ٹیم کو بھیج دیا جائے، کیونکہ سیشن عدالتوں سے متعلق معاملات وہی دیکھتی ہے۔

سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار ریاض حنیف راہی نے کہا کہ پٹیشن 7 نومبر کو دائر ہوئی اور اب 26 تاریخ ہو چکی ہے، فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جوڈیشری کا معاملہ ہے، چیف جسٹس کے پاس مکمل اختیار ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ’کمپرومائز کرنے والوں کے نام تاریخ میں نہیں رہتے، ہمیشہ اسٹینڈ لینے والوں کے نام زندہ رہتے ہیں۔‘

راہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ انتظامی کمیٹی کے طور پر عدالت معاملہ خود بھی دیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے دورانِ سماعت راستوں کی بندش کا معاملہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ سائلین اور وکلا روزانہ مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اپیل کا ڈرافٹ تیار

سماعت میں ایک دلچسپ پہلو اس وقت سامنے آیا جب وکیل نے بھارتی فلم ’’ایک دن کا سی ایم‘‘ کا حوالہ دیا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’فلم میں نے بھی دیکھی ہے، وہ جو سب کو معطل کرتا رہتا ہے۔‘ چیف جسٹس نے مشورہ دیا کہ راستوں کی بندش کے خلاف الگ پٹیشن دائر کریں، عدالت اسے دیکھ لے گی۔

190 ملین پاؤنڈ کیس وہ گڑھا ہے جو بانی پی ٹی آئی نے کسی اور کیلئے کھودا اور خود گرگئے، مریم اورنگزیب

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آج جوڈیشری کے حالات ماضی جیسے نہیں رہے، پہلے بڑی خبر سپریم کورٹ کی ہوتی تھی، اب صورتِ حال مختلف ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت درخواست پر آرڈر جاری کرے گی، جس کے بعد معاملہ پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

Read Comments