شائع 09 نومبر 2025 12:37am

27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے رابطے تیز: وزیراعظم نے اتحادی سینیٹرز کو آج عشائیے پر بلالیا

سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت نے رابطے تیز کردیے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو آج عشائیے پر بلالیا، جس میں مجوزہ ترمیم کی مختلف شقوں پر سینیٹرز کی رائے لی جائے گی۔

سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے معاملے پر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو آج مدعو کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے تمام حکومتی و اتحادی سینیٹرز کو رسمی دعوت نامے موصول ہو گئے ہیں، شہباز شریف حکومتی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جب کہ یہ اعشائیہ کل شام ساڑھے 6 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

اعشائیے کا مقصد ترمیم کی منظوری کے لیے پارلیمانی حکمت عملی کو حتمی شکل دینا اور اتحادیوں کو اعتماد میں لینا ہے۔ توقع ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم سینیٹ اجلاس کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق اہم مشاورت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد باکو سے اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔

باکو کے حیدر علیوو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو، آذر بائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عسکری قیادت کو تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

27ویں ترمیم کے مجوزہ مسودہ کے مطابق فیلڈ مارشل آرٹیکل 248 کے تحت صدر کی طرز پر قانونی کارروائی سے محفوظ رہیں گے، مارشل آف ایئر فورس، ایڈمرل آف فلیٹ بھی 248 کے تحت صدر طرز قانونی کارروائی سے محفوظ رہیں گے۔

مسودہ میں لکھا ہے کہ 248 کے تحت ان کے خلاف عدالتی کارروائی نہیں کی جاسکتی جب تک کہ وہ آئینی یا قانونی فرائض کے خلاف عمل نہ کریں۔

Read Comments