بلوچستان بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ، تحریک انصاف کی جلسے کی اجازت مسترد
بلوچستان حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جلسے کی اجازت مسترد کردی ہے۔
جمعرات کو بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے میں اسلحہ کی نمائش، جلسے جلوس، دھرنے اور 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہوگی۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کی اجازت مسترد کردی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی نے 7 نومبر کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔