شائع 06 نومبر 2025 01:29pm

قومی بچت اسکیموں کے منافع میں تبدیلی، کس کو فائدہ ہوگا اور کس کو نقصان؟

حکومت نے قومی بچت اسکیموں (National Savings Schemes) کی شرحِ منافع میں ردوبدل کر دیا ہے۔ نئی شرح منافع کا اطلاق 4 نومبر سے ہو گیا ہے، جس کے تحت کچھ اسکیموں میں منافع بڑھایا گیا ہے جبکہ کچھ میں کمی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر سالانہ شرح منافع 10.68 فیصد سے بڑھا کر 10.92 فیصد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 10.40 فیصد سے بڑھا کر 10.60 فیصد سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔

تاہم بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ کے منافع میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ ان اسکیموں کی شرح 12.96 فیصد سے کم کر کے 12.72 فیصد سالانہ کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع میں بھی مزید کمی کی گئی ہے۔

اسلامک اسکیموں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ اور سروا اسلامک سیونگز اکاؤنٹس پر شرح منافع 9.94 فیصد سے بڑھا کر 10.30 فیصد سالانہ (3 سال کے لیے) اور 10.56 فیصد (5 سال کے لیے) کر دی گئی ہے۔

سیونگز اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 9.50 فیصد برقرار رکھی گئی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ماہرین کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ حالیہ مالیاتی پالیسی کے تسلسل میں کیا گیا ہے تاکہ معیشت میں استحکام لایا جا سکے اور سرمایہ کاروں کو قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا سکے۔

Read Comments