ای چالان سندھ کا واحد مسئلہ!
دنیا بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان ہوتے ہیں، کیمروں سے تصاویر نکالی جاتی ہیں، بھاری جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں لیکن اس سب سے پہلے وہ نظام تخلیق کیا جاتا ہے جہاں سڑکیں عوام کو میسر ہوں، سڑکوں پر نشانات بھی ہوں اور اس سے بھی پہلے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا سخت ترین نظام ہوتا ہے۔ اگر آپ کو ٹریفک اشاروں سے درست آگاہی نہیں، گاڑی چلانے کا طریقہ نہیں معلوم تو پھر آپ کو لائسنس ہی نہیں ملے گا، اور لائسنس نہیں ہوگا تو گاڑی کیسے چلا سکیں گے۔
مقررہ سال سے زیادہ پرانی گاڑی کو فٹنس کے سخت مرحلے سے گزر کر ہی سڑک پر چلنے کی اجازت ہوتی ہے لیکن اگر کراچی سمیت سندھ بھر کا جائزہ لیں تو کئی کئی دہائی پرانی گاڑیاں سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، نہ ان کی فٹنس کی کسی کو فکر ہے، نہ ماحولیات کو تباہ کرنے پر کسی کی نظر ہے، ہر چھوٹی بڑی گاڑی میں پریشر ہارن ہونا عام سی بات ہے، اشارے کام کریں یا نہ کریں اس بات سے کسی کو کوئی مطلب نہیں ہے۔ بھاری گاڑیوں یعنی ٹینکر، ڈمپر وغیرہ کی اکثریت پر نمبر پلیٹ ہوتی ہی نہیں ہے اور اگر ہو بھی تو سندھ سے باہر کی ہوتی ہے۔ میڈیا روزانہ کی بنیاد پر اسے رپورٹ کرتا رہتا ہے۔
سڑکیں تجاوزات والوں نے گھیر رکھی ہیں، جس کی جہاں مرضی آتی ہے بیچ سڑک پر ٹھیلا لے کر کھڑا ہوجاتا ہے، پتھارا لگا لیتا ہے، دکانداروں نے کوریڈرو اور فٹ پاتھ تک گھیر رکھے ہیں، جہاں خالی زمین ہو وہاں کوئی نہ کوئی قبضہ کرلیتا ہے۔ جب اور جہاں دل چاہتا ہے لٹیرا آدھمکتا ہے، سڑک، گلی حتیٰ کہ آپ اپنے گھر کے دروازے تک پر محفوظ نہیں ہیں۔ کہیں بھی آپ کو لوٹا جاسکتا ہے۔ تھانے جائیں تو پہلے تو آپ کو تھانے میں کوئی منہ نہیں لگائے گا، اگر کوئی جان پہچان یا سفارش لے کر پہنچ جائیں تو پہلے تھانے والوں کا زور ہوگا کہ آپ ایف آئی آر کے بجائے ڈکیتی یا چوری کی درخواست دے کر اپنی بھی جان چھڑائیں اور پولیس پر بھی بوجھ نہ ڈالیں۔ پارک میں جھانکیں تو وہاں بھی تجارتی سرگرمیاں نظر آئیں گی۔ بڑے بڑے شاپنگ سینٹرز ہیں لیکن انھوں نے پارکنگ کے لیے مختص جگہ پر دکانیں بنا کر بیچ ڈالی ہیں، نقشہ چیک کریں تو پارکنگ لکھی نظر آئے گی۔
پہلے پارکنگ فیس ہوتی تھی اب پارکنگ فیس ختم کردی گئی لیکن گاڑی یا موٹرسائیکل پارک کرنے کے پیسے اب بھی دینا پڑتے ہیں، ہر سڑک پر یا شاپنگ سینٹر کے باہر کچھ لوگ کھڑے ہوتے ہیں جو گاڑیاں لگواتے ہیں اور پہلے تو دس بیس روپے تھے اب تو موٹرسائیکل تک کے 30روپے سے کم چارج نہیں کیے جاتے۔