شائع 01 نومبر 2025 09:27am

آزادیِ گلگت بلتستان: جب دشمن سے چھینے گئے ہتھیاروں سے ہی دشمن کو شکست دی گئی

گلگت بلتستان کے عوام آج اپنا 78واں یومِ آزادی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ یکم نومبر 1947 کو اسی دن یہاں کے بہادر عوام نے ڈوگرہ راج کے خلاف بغاوت کرکے آزادی حاصل کی تھی۔ اس تاریخی دن کے موقع پر گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں تقاریب، ریلیاں اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے عوام نے بے سر و سامانی کے عالم میں ڈوگرہ فوج کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا اور 28 ہزار مربع میل کا علاقہ آزاد کرایا۔ پندرہ دن تک یہ خطہ ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر موجود رہا، جس کے بعد یہاں کے عوام نے اپنی مرضی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کرلیا۔

سن 2009 تک اس خطے کو ”شمالی علاقہ جات“ کے نام سے پکارا جاتا تھا، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوامی مطالبے پر اس علاقے کو ”گلگت بلتستان“ کا نام دیا اور یہاں کی قانون ساز اسمبلی کو صوبائی اسمبلی کا درجہ دیا۔

آج کے دن گلگت بلتستان کے عوام جہاں اپنی آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں، وہیں یہ مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ علاقے کو آئینی صوبے کا درجہ دیا جائے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں نمائندگی دی جائے تاکہ احساسِ محرومی ختم ہوسکے۔

یومِ آزادی کے موقع پر آزادی کے غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ 1948 کی جنگ کے غازی علی مدد نے یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے دشمن کی کئی چوکیاں فتح کیں اور پچاس بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن سے چھینے گئے ہتھیاروں سے ہی ہم نے مزید محاذوں پر قبضہ کیا، حتیٰ کہ کارگل، نگر اور استور جیسے مشکل علاقوں میں بھی بھارتی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

غازی علی مدد کے مطابق، ”ہم پر دشمن نے تین دن تک فضائی حملے کیے، مگر ہم نے ہمت نہیں ہاری اور بالآخر فتح ہماری ہوئی۔“

یومِ آزادی کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی ایک خوبصورت ملی نغمہ جاری کیا ہے جس کے بول ہیں ”پاکستان کی شان – گلگت بلتستان“۔ نوجوان گلوکاروں کی آواز میں گایا گیا یہ نغمہ وطن سے محبت، بہادری اور اتحاد کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔

گلگت بلتستان کے عوام اس دن کو نہ صرف آزادی کی خوشی کے طور پر مناتے ہیں بلکہ اسے قربانی، عزم اور حب الوطنی کی یادگار کے طور پر بھی زندہ رکھتے ہیں — ایک ایسا دن جب بہادر غازیوں نے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر پاکستان کا پرچم اس حسین و جری سرزمین پر لہرا دیا۔

Read Comments