لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی اشتہاری ملزم خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ دبئی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری انٹرپول کی مدد سے گزشتہ رات عمل میں لائی گئی۔
کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مطابق امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم طیفی بٹ کو انٹرپول کے تعاون سے دبئی میں گرفتار کیا گیا، جسے جلد پاکستان منتقل کرنے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے سی سی پی او لاہور کو ایک مراسلہ لکھ کر امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش سی سی ڈی کے سپرد کرنے کی اجازت طلب کر لی ہے۔ اس وقت اس کیس کی تحقیقات لاہور پولیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کر رہی ہے۔
امیر بالاج قتل کیس میں دو ملزمان خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ نامزد ہیں۔ عقیل بٹ عرف گوگی بٹ اس وقت عدالت سے ضمانت پر ہے، جب کہ طیفی بٹ کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 18 فروری 2024 کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں ٹیپو ٹرکاں والے کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق امیر بالاج پر حملہ اُس وقت کیا گیا جب وہ سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی میں شریک تھا۔
فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے تھے جن میں امیر بالاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جب کہ حملہ آور بھی محافظین کی جوابی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہوا۔
بعد ازاں اگست 2024 میں کیس کا مرکزی نامزد ملزم احسن شاہ ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق احسن شاہ کو نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا جب اس کے ساتھیوں نے حملہ کیا، اسی دوران وہ فائرنگ میں زخمی ہو کر ہلاک ہوگیا۔
ستمبر 2025 میں جے آئی ٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امیر بالاج کے قتل کی منصوبہ بندی خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ نے کی تھی، جس نے قتل سے قبل طیفی بٹ سے مسلسل رابطہ رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی آئندہ سماعت میں گوگی بٹ کی ضمانت منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔