Aaj Logo

شائع 22 ستمبر 2025 09:36am

کوہستان میگا اسکینڈل: مرکزی ملزم کی پلی بارگین کے لیے عدالت کو درخواست

کوہستان میگا اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سی اینڈ ڈبلیو داسو کوہستان کے ہیڈ کلرک قیصر اقبال نے پلی بارگین کے لیے احتساب عدالت میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے بینک اکاؤنٹس اور اربوں روپے کے اثاثوں کا مکمل ریکارڈ بھی عدالت کے سامنے پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قیصر اقبال کے پاس 10 ارب روپے سے زائد کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس موجود ہیں۔

ملزم قیصر اقبال دل، پھیپھڑوں اور کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور اس وقت ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیرِ علاج ہیں۔ بیماری کے باعث انہوں نے استدعا کی ہے کہ پلی بارگین کی درخواست منظور کی جائے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی مکمل جانچ پڑتال اور حساب کتاب کی درخواست بھی دی ہے۔ قیصر اقبال نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا تمام رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی پلی بارگین کی درخواست ایک دو روز میں منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

پس منظر

ذرائع کے مطابق کوہستان میگا اسکینڈل میں ہیڈ کلرک قیصر اقبال کے علاوہ دیگر ملزمان میں کوہستان کی مختلف اسکیموں کے ٹھیکیدار بھی شامل ہیں۔ اس اسکینڈل میں سرکاری بینک اکاؤنٹ سے 40 ارب روپے مبینہ ملی بھگت سے نکالے گئے تھے، جس پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کیں۔

یاد رہے کہ 26 جون کو نیب خیبرپختونخوا نے تحقیقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 5 ارب روپے کے مشکوک بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے، جبکہ کئی جائیدادیں اور قیمتی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی تھیں۔ ملزمان کے گھروں سے غیر ملکی کرنسی اور 3 کلو سونا بھی برآمد کیا گیا تھا۔

نیب نے کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی 77 لگژری گاڑیاں قبضے میں لیں، جبکہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور میں اربوں روپے مالیت کی 109 کمرشل پراپرٹیز کو سیل کیا گیا۔

اس کے علاوہ ملزمان کی ملکیت میں موجود 4 فارم ہاؤسز، 12 کمرشل پلازے، 2 کمرشل پلاٹس، 30 گھر، 12 دکانیں، 25 فلیٹس اور 175 کنال زرعی زمین بھی سیل کی گئی تھی۔

Read Comments