Aaj Logo

شائع 20 ستمبر 2025 12:46pm

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد

اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کر دی۔ تاہم ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کے دوران ملزم سے استفسار کیا کہ کیا اس نے ثنا یوسف کو قتل کیا ہے؟

ملزم عمر حیات نے جواب دیا کہ اس پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں اور اس نے کوئی جرم نہیں کیا۔

عدالت نے ملزم کو یہ بھی بتایا کہ اس پر ثنا یوسف کا موبائل فون چھیننے کا الزام بھی عائد ہے جسے اس نے ماننے سے انکار کر دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ ملزم عمر حیات کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ 13 ستمبر کو عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج کی تاریخ مقرر کی تھی اور ملزم کو چالان کی نقول بھی فراہم کی گئی تھیں۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد میں مبینہ طور پر 22 سالہ عمر حیات نے دوستی سے انکار پر ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو گھر میں گھس کر قتل کیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو 20 گھنٹے کے اندر فیصل آباد سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم نے ثنا یوسف کے قتل کا اعتراف بھی کیا تھا۔

Read Comments