Aaj Logo

شائع 25 جولائ 2025 03:12pm

سندھ کی ٹک ٹاکر کی پراسرار طور پر مردہ حالت میں لاش برآمد، سابق شوہر اور ساتھی گرفتار

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے میں معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش ان کے گھر سے پراسرار حالت میں برآمد ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سمیرا کی موت زہریلی چیز کھانے سے واقع ہوئی، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے لاش کو تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سمیرا راجپوت نے تین سال قبل علی رضا نامی شخص سے طلاق لے لی تھی۔ مقتولہ کے بھائی صدام کا دعویٰ ہے کہ ان کی بہن کو سابق شوہر علی رضا اور اس کے ساتھی عمران نے زہر دے کر قتل کیا۔ مقتولہ کی بیٹی نے بھی پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں افراد سمیرا سے شادی کے خواہش مند تھے، جس پر کئی مرتبہ تنازعہ بھی ہوا۔

ڈیگاری واقعے کے بعد راولپنڈی میں بھی پسند کی شادی کرنے والی لڑکی جرگے کے فیصلے پر قتل

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علی رضا اور عدنان نامی نوجوان کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید کارروائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر سمیرا راجپوت کی ایک پرانی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ واضح طور پر اپنی موت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار اپنے سابق شوہر علی رضا کو قرار دے رہی ہیں۔ اس ویڈیو نے کیس کو مزید حساس بنا دیا ہے۔

پولیس نے مقتولہ کے گھر سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

Read Comments