Aaj Logo

شائع 22 جولائ 2025 06:49pm

اسلام آباد کی عدالت نے علی امین گنڈا پور کو بیان قلمبند کرانے کیلئے ایک اور موقع دے دیا

اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا 342 کا بیان آج بھی ریکارڈ نہ ہوسکا، انٹرنیٹ کنکشن کے مسائل کے باعث بیان قلمبند نہ ہوسکا، عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے بیان قلمبند کرانے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس پر سماعت کی۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ کیس آج سماعت کے لیے مقرر تھا، علی امین گنڈاپور کا 342 بیان ریکارڈ کرنا تھا، علی امین گنڈاپور کو عدالت حاضری کے لیے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ وکیل صفائی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور سرکاری کام کے باعث مصروف ہیں، خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث وزیراعلی کی مصروفیات بتائی گئیں۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور 342 کا بیان ویڈیو لنک کے زریعے ریکارڈ کروانے کے لیے تیار ہیں۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق 3 بجے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل صفائی نے ملزم کے نمبر اور زوم لنک عدالت کو مہیہ کیا جبکہ عدالتی اسٹاف نے کوشش کی لیکن انٹرنیٹ کنکشن نہیں بن پایا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ وکیل صفائی کی جانب سے آن لائن بیان قلمبند کروانے کے بیان سے معلوم ہوتا ہے، علی امین گنڈاپور بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں، وکیل صفائی نے یقین دہانی کروائی ہے، آیندہ سماعت پر علی امین گنڈاپور 342 کا بیان قلمبند کروائیں گے، علی امین گنڈا پور کو 342 کا بیان قلمبند کروانے کے لیے ایک اور موقع فراہم کیا جاتا ہے، علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے جاتے ہیں وہ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروا لیں تو زیادہ اچھا ہے، علی امین گنڈا پور تو وزیراعلیٰ ہیں، آپ کے لیے کیا مسلہ ہوسکتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments