Aaj Logo

شائع 14 جولائ 2025 09:25am

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتِ حال میں شدت آ گئی ہے، کہیں بارش، کہیں حبس، اور کہیں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔

اسلام آباد، پنجاب، اور بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا۔ راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔

خیبرپختونخوا میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہے گا۔ نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، دیر، چترال، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، ایبٹ آباد، تورغر، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، کرم، خیبر، مہمند، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام اور دیگر بالائی اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز پشاور میں 6 ملی میٹر، مالم جبہ میں 4 ملی میٹر، اور پٹن میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کا درجہ حرارت آج 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ مالم جبہ اور کالام میں سب سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی آئی خان اور بنوں میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

سندھ، بلوچستان میں صورتحال

سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Read Comments