Aaj Logo

شائع 13 جولائ 2025 07:16pm

قصور: جائیداد کی خاطر بھائی نے بیوہ بہن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، قتل کی دھمکیاں

قصور کے کھارا گائوں میں جائیداد کی خاطر بھائی نے بیوہ بہن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ خاتون اور بچوں نے آج نیوز پراپنی آپ بیتی سنا دی، شوہرفوت ہوچکا ہے، بھائی نے جائیداد پرمبینہ طو رپرقبضہ کرلیا، مجھے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، متاثرہ خاندان کا وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جائیداد کے لالچ نے رشتے کی حرمت روند ڈالی۔ قصور کے نواحی علاقے کھارا گاؤں میں بیوہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سگے بھائی نے شوہر کی وفات کے بعد جائیداد پر مبینہ طور پر قبضہ کر لیا اور نہ صرف اسے بلکہ اس کے بچوں کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

متاثرہ خاتون نے آج نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شوہر کی وفات کے بعد اسے دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑیں۔ ”بھائی اور بھانجوں نے مجھے مارنے پیٹنے کے ساتھ ساتھ مسلسل ہراساں کیا، یہاں تک کہ اپنی اور بچوں کی جان بچانے کے لیے اپنا ہی گھر چھوڑنا پڑا۔“

بیوہ خاتون نے بتایا کہ جائیداد پر قبضے کے خلاف عدالت میں کیس دائر کر رکھا ہے لیکن اس دوران بھائی اور دیگر رشتہ دار طرح طرح کی اذیتیں دیتے رہے۔

خاتون کے بیٹے نے بھی الزام لگایا کہ ماموں نے کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ہڑپ کر لی اور والد کے انتقال کے بعد سب کچھ لوٹ لیا گیا۔

متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جائے، جائیداد واپس دلائی جائے اور ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

Read Comments