لاہور میں ڈیفنس بی کے علاقے میں ایک خاتون کی جانب سے پالتو جانور کو سوشل میڈیا پر قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس فوری طور پر حرکت میں آ گئی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزمہ کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں متعدد بیمار اور بدحال جانور برآمد کیے گئے،خاتون کےخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کی شناخت خانسہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف جانوروں پر ظلم و ستم کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ گھر کے مختلف حصوں میں جانوروں کو بدترین حالت میں قید رکھا گیا تھا جبکہ پورے گھر میں شدید بدبو اور بیماریوں سے متاثرہ جانور موجود تھے۔
اے ایس پی شہربانو نقوی کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا ذہنی توازن متاثرہ لگتا ہے، جس کے باعث اُسے مینٹل اسائلم منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے گھر میں موجود تمام جانوروں کو قبضے میں لے کر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا ہے تاکہ ان کا علاج اور دیکھ بھال ممکن بنائی جا سکے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صارفین نے خاتون کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے پولیس اور اے ایس پی شہربانو کے فوری اقدام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کی جائے۔