Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2025 06:27pm

لاہور میں کمسن ڈرائیور نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا

لاہورکے علاقے شاہدرہ میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم سن ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

لاہورمیں شاہدرہ ٹاؤن میں ایک کمسن ڈرائیور کا خطرناک ایڈونچر دل دہلا دینے والے سانحے میں بدل گیا۔ چودہ سالہ لڑکے نے تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت چار افراد کو کچل ڈالا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔

حادثہ گزشتہ رات پیش آیا جب کمسن ڈرائیور حاشر نے شاہدرہ کے مصروف علاقے میں گاڑی بے قابو کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار بھائیوں، امین اور فرید کو ٹکر مار دی جس سے ستائیس سالہ امین موقع پر جاں بحق ہو گیا، جو ایک ڈیڑھ سالہ بچی کا باپ تھا۔

زخمی ہونے والوں میں اس کا بھائی فرید اور ایک راہ گیر عمران بھی شامل ہیں، جو اب اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں بھائی برگر لینے کے بعد سڑک کنارے جوس پینے کے لیے رُکے تھے کہ اچانک گاڑی آکر انہیں روند گئی۔

متوفی کے بھائی اور مدعی نوید نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے مقدمہ عجلت میں درج کیا اور اس میں قتل کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق کمسن ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گاڑی ایک مقامی شہری کی ملکیت تھی اور معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے والدین میں علیحدگی ہو چکی ہے۔ لڑکا اپنی نانی کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہتا ہے جبکہ ماموں بیرون ملک مقیم ہیں۔

ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔واقعے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

Read Comments