نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 10 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد مقامات پر کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے جبکہ دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب کے پیرپنجال سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جنوبی بلوچستان کے کیرتھر رینج سے نکلنے والے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال اور آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز بہاؤ والے ندی نالوں، پلوں اور ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
اتھارٹی نے ہدایت کی کہ حساس علاقوں کے مکین 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی و ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔
تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ محتاط رہیں، محفوظ رہیں اور سرکاری وارننگز پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 10جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانولہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، پنجاب کے دریاؤں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دریاؤں ندی نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں۔