اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے۔ سینئر سول جج اسلام آباد کی عدالت میں علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ عدم حاضری پر تین سو بیالیس کا بیان بھی جمع نہ کروایا جاسکا۔
اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ سینئر سول جج اسلام آباد مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کی عدالت میں عدم حاضری اور 342 کا بیان جمع نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مؤکل مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے، تاہم عدالت نے مؤقف مسترد کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی مسلسل غیر حاضری عدالتی عمل میں رکاوٹ بن رہی ہے، لہٰذا ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جا سکے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔