Aaj Logo

شائع 01 جولائ 2025 01:33pm

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو سابق مشیر اسمبلی کا 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو سابق مشیر اسمبلی علی عظیم آفریدی کی جانب سے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپیکر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز سے علی عظیم آفریدی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

علی عظیم آفریدی کے مطابق اسپیکر نے اُن پر بے بنیاد الزامات لگائے جن میں سابق حکومت کے لیے کام کرنے، سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور اسمبلی کے قانونی معاون کے عہدے سے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ دینے جیسے دعوے شامل ہیں، جنہیں حقائق کے برعکس قرار دیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے بیانات اور الزامات نے نہ صرف علی عظیم آفریدی کے پیشہ ورانہ کیریئر کو نقصان پہنچایا بلکہ ان کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ذاتی رضامندی سے استعفیٰ دیا، کسی سیاسی یا غیرسیاسی دباؤ کے تحت نہیں۔

نوٹس میں اسپیکر کے پریس سیکرٹری کو بھی 10 کروڑ روپے ہرجانے کا علیحدہ نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں پریس ریلیز کی اشاعت کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا گیا ہے۔

Read Comments