لاہور کے نجی اسپتال میں ایک سیاہ فام غیر ملکی خاتون کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث غیر ملکی مرد باشندے کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق زیر حراست شخص سے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نشتر کالونی سے تعلق رکھنے والے سیاہ فام باشندے کا نام ویلری نوکمبو بتایا گیا ہے جو گلشن کالونی میں ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دو افراد سفید رنگ کی کار میں خاتون کو اسپتال لائے وہ خاتون کو وہیل چیئر پر اسپتال کے اندر لے گئے اور بیڈ پر لٹا کر فرار ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ نے فوری طبی معائنہ کیا مگر خاتون پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔
لاہور: نجی اسپتال میں دو افراد غیرملکی خاتون کی لاش چھوڑ کر فرار
پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے غیر ملکی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کو سانس کی تکلیف لاحق تھی، تاہم پولیس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے دوسرے مفرور شخص کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔