Aaj Logo

شائع 11 جون 2025 06:53pm

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی بجٹ کو بھونڈا کہہ دیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی بجٹ کو بھونڈا کہہ دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اب ہمارا صبر جواب دے گیا، اب تحریک شروع ہوگئی، سڑکوں پر آئیں گئے، بھونڈا بجٹ پیش کیا گیا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمارا لیڈر ہے، کسی دوسرے کی بات سننے کی ضرورت نہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان کے لیے امریکا میں احتجاج کرنے والوں کی حمایت کا بھی اعلان کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا ہمیں کوئی مارے اور ہم مار کھاتے پھریں، جو بھی بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھا رہا ہے اس کے ساتھ کھڑے ہیں، جہاں بھی احتجاج ہوا ہم ساتھ دیں گے، بانی پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں اوروہ قوم کے لیے لڑرہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر مارشل لا ہے، عدالتوں میں ڈرامہ ہو رہا ہے، جج چھٹی پر چلے جاتے ہیں، ہم کب تک تماشہ دیکھیں؟ احتجاج میں کبھی ہتھیار ساتھ نہیں لائے لیکن اب لائیں گے اور گولی کا جواب گولی سے دیں گے، احتجاج میں گولی چلی تو اس بار ہماری گولیاں بھی چلیں گی۔

بیرسٹر گوہر

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں انصاف کا حصول مشکل ترین ہو چکا، پاکستان رول آف لاء انڈیکس میں 129ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہمیں امید تھی کہ آج کیس میں پیش رفت ہوگی لیکن بتایا گیا کہ جج صاحب چھٹی پر ہیں، نیب نے گزشتہ سال صرف 98 ریفرنس فائل کیے جبکہ بجٹ میں ساڑھے 7 ارب روپے رکھے گئے، بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، عمر ایوب اس تحریک کے ذمہ دار ہوں گے، سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی نہ بنایا جائے۔

علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں عدالتوں میں گھنٹوں بیٹھنا پڑتا ہے لیکن ہمیں صرف یہ کہا جاتا ہے کہ شاید اگلے ہفتے تاریخ دی جائے گی، عدالتی فیصلے کہیں اور سے آ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو مکمل آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے اور کچھ لوگ جو ٹی وی پر ان کی رہائی کی بات کرتے ہیں، وہ دراصل تحریک کے دشمن ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماوں نے نظام، ریاستی اداروں اور سیاسی مخالفین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مسلسل تنہا کر کے تحریک کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اگر یہ رَوِش برقرار رہی تو اب کی بار کارکن بھی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

Read Comments