Aaj Logo

شائع 02 جون 2025 10:44am

پشاور میں سفاک بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا

خیبر پختونخوا کے علاقے بڈھ بیر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بیٹے نے والدہ کی نصیحت پر مشتعل ہو کر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عاصمہ بی بی نے اپنے بیٹے حبیب اللہ کو اوباش لڑکوں کی صحبت سے دور رہنے کی تلقین کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان حبیب اللہ نے بار بار کی نصیحتوں سے تنگ آکر اپنی والدہ کو کمرے میں بند کیا اور گولی مار دی۔

فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والی عاصمہ بی بی کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔

واقعے کے بعد ملزم حبیب اللہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ علاقے میں واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ محلہ نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Read Comments