Aaj Logo

شائع 01 جون 2025 11:08pm

لاہور میں اے ایس آئی کے بیٹے نے ماں بیٹی کو قتل کردیا

لاہور میں اے ایس آئی کے بیٹے نے باٹا پور میں فائرنگ کر کے اپنی رشتے دار خاتون اور اس کی بیٹی کو قتل کردیا۔ دہرے قتل کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی شناخت سجاول کے نام سے ہوئی ہے جو مقتولین کا قریبی رشتہ دار ہے۔

قتل ہونے والی خواتین کی شناخت نبیلہ اور ان کی 15 سالہ بیٹی زنیشا کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملزم کا والد محکمہ پولیس میں اے ایس آئی کے عہدے پر فائز ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Read Comments