نیشنل ہائی وے پر بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج 17 گھنٹے بعد ختم ہوگیا۔ قائدآباد کے مقام پر دھرنا دینے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔
مظاہرین گزشتہ شب سے قائدآباد کے مقام پر دھرنا دیے بیٹھے تھے، جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی مکمل بندش رہی۔ احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں تھیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مسلسل مذاکرات کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جس کے نتیجے میں سڑک کو دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
واضح رہے کہ بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج میں مظاہرین نے بجلی کی فوری بحالی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔