کرک پولیس نے انڈس ہائی وے پر ناکہ بندی کے دوران 90 کلو گرام بارودی مواد، 800 ڈیٹونیٹر اور 400 میٹر سیفٹی فیوز وائر برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فضل اکبر خٹک کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کرک سٹی رحیم خان اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر پرانا ٹال پلازہ کے مقام پر ناکہ بندی کی اور ایک مشتبہ موٹر کار کو روک کر تلاشی لی۔ اس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی بارودی مواد پکڑا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر بارودی مواد کی ترسیل میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف انسدادی قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر اراکین کو گرفتار کیا جا سکے۔
کراچی: پولیس کی بڑی کارروائی،کالعدم تنظیم کیلئے بھتہ وصول کرنیوالا ملزم گرفتار
دوسری جانب گرفتار افراد اور ان کے ورثاء نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ جپسم اور نمک کے کانوں کا کاروبار کرتے ہیں اور ان کے پاس کئی دہائیوں سے لائسنس اور اجازت نامے موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے انہیں غلط طور پر گرفتار کیا ہے اور قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔