Aaj Logo

شائع 10 مارچ 2025 08:40am

پنجگور میں سندھ سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں سمیت تین حجام قتل

بلوچستان کے ضلع پنجگور کی تحصیل گوارگو میں نامعلوم افراد نے دکان میں فائرنگ کرکے تین حجاموں کو قتل کردیا۔ لیویز کے مطابق مقتولین کا تعلق سندھ کے علاقے میرپور خاص سے تھا، جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مارے گئے افراد کی شناخت عبد الستار ولد بجار، زبیر ولد بجار اور محمد زمان کے ناموں سے کی گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور میں مزدور حجام پیشہ افراد کا بے دردی سے قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا وحشیانہ اور بربریت پر مبنی عمل ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کی سازش ہیں، تاہم امن دشمن عناصر کو بلوچستان کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی شروع کردی ہے اور نقص امن میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Read Comments