Aaj Logo

شائع 04 فروری 2025 01:48pm

دہشتگردوں کے ساتھ مارے گئے ڈپٹی گورنر کے بیٹے کی لاش آج افغان حکومت کے حوالے کی جائے گی

جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مارا جانے والے افغان ڈپٹی گورنر کے بیٹے بدر الدین عرف یوسف کی لاش آج افغان حکومت کے حوالے کی جائے گی۔ یہ آپریشن 30 اور 31 جنوری کی رات ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے مدی میں کیا گیا تھا، جس میں فتنتہ الخوارج کے چار دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق بدرالدین عرف یوسف افغانستان کے صوبہ باغدیس کے نائب گورنر مولوی غلام محمد احمدی کا بیٹا تھا اور وہ ٹی ٹی پی کے ساتھ کارروائی میں شامل تھا۔ اس آپریشن کے دوران امریکی ساختہ نائٹ ویژن، ایم 16 اے 4 اور ایم 24 سنائپر رائفلز بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں شامل بدر الدین افغان طالبان کے تربیتی مرکز سے تربیت حاصل کرنے کے بعد فتنہ الخوارج کا حصہ بنا تھا اور افغانستان سے پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی نئی لہر میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔

پاکستان نے بار بار افغان حکام سے لاش وصولی کی درخواست کی، مگر افغان سائیڈ کی جانب سے مسلسل انکار کیا جا رہا تھا۔ اب یہ لاش آج انگور اڈہ یا ورسک گیٹ زرمیلن کے راستے افغان حکام کے حوالے کی جائے گی۔

Read Comments