پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی، جہاں مویشیوں کا ہزاروں روپے مالیت کا گوبر چوری کرلیا گیا، جبکہ بہن نے بھائیوں کے خلاف بھینسوں کا گوبر چوری کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا۔
مظفرگڑھ کے نواحی علاقے رنگپور میں مویشیوں کا گوبر چوری کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق نگینہ مائی نامی خاتون نے مقدمہ درج کروایا ہے کہ اس کے گھر کے سامنے موجود اس کے مویشیوں کے گوبر کا ڈھیر پڑا تھا جسے اس کے بھائی ٹریکٹر ٹرالی میں چوری کرکے لے گئے۔
نگینہ مائی کے مطابق ملزمان نے اس کا 35 ہزار روپے مالیت کا گوبر چوری کرلیا، گوبر چوری کا مقدمہ 5 نامزد اور 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ رنگپور میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گوبر سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی قبضہ میں لے کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔