شائع 10 ستمبر 2021 12:23am

ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراساں کرنے کا معاملہ،ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

گریٹر اقبال پارک لاہور میں ٹک ٹاکر عائشہ کو ہراساں کرنے کا کیس تاحال زیر سماعت ہے۔ لاہور کی مقامی عدالت نے چھ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کردی۔

متاثرہ خاتون کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس کی سماعت کی ۔

پولیس نے ملزمان ارسلان، افتخار، مہران، شہریار، عابد اور ساجد کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ تفتیش اور برآمدگی کیلئے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے۔

ملزمان کے وکیل نے تفتیشی افسر کی استدعا کی مخالفت کی۔

عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوٸے 11 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب سیشن کورٹ لاہور میں ٹک ٹاکر عائشہ اور اس کے ساتھی ریمبو کیخلاف میاں توصیف احمد کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عائشہ اور اس کا ساتھی ریمبو منصوبے کے تحت گریٹر اقبال پارک آئے اور لڑکوں کو بدتمیزی پر اکسایا۔ عائشہ اور ریمبو کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے عدم پیروی کی بناء پر درخواست خارج کر دی۔

Read Comments