شائع 07 ستمبر 2021 11:37pm

راولپنڈی :طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیرآب

راولپنڈی میں طوفانی بارش سے متعدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر بھی تین فٹ سے زائد پانی کھڑا ہوگیا ۔ ارد گرد کے نالے بھی باہر امڈ آئے ۔ گاڑیاں اورموٹر سائیکل پانی میں ڈوب گئیں ۔ اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

راولپنڈی میں ایک گھنٹہ کی موسلادھار بارش نے ہر طرف جل تھل کردیا ۔ اندرون شہر کے چھوٹے نالوں کی صفائی نہ ہونے سےمتعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر بھی تین فٹ سے زائد پانی کھڑا ہوگیا ۔ ارد گرد کے نالے بھی باہر امڈ آئے ۔ گاڑیاں اور موٹرسائیکل پانی میں ڈوب گئیں۔

ادھر اسلام آباد میں گہرے بادل چھا گئے ۔ موسلا دھار بارش نے شہرکا موسم انتہائی خوشگوار بنادیا ۔بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون کے قدرتی نظارے مزید نکھر گئے۔

گزشتہ چند روز سے جڑواں شہروں میں پارہ ہائی تھا۔گرمی اور حبس اپنے زوروں پرتھا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی نوید سنا رکھی ہے۔

Read Comments