احسن اقبال کے الزامات ، نیب نے مسترد کردیئے
نیب نے احسن اقبال کے لگائے الزامات کو مسترد کردیا ۔نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریفرنس ٹھوس شواہد کی بنیاد پردائر کیا گیا ، احسن اقبال پر بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے پر قانونی کارروائی کا جائزہ لیا جائے گا ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بیان پرنیب نے ردعمل دیا ہے ۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا کیا ہے کہ نیب احسن اقبال کے الزامات کو مسترد کرتا ہے ۔ احسن اقبال کیخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر کیا گیا ۔ من گھڑت الزامات احتساب عدالت میں نیب کے زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہونے اور نیب کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ احسن اقبال کیخلاف نیب آرڈیننس کی شق(a)31کے تحت عوام کو گمراہ کر نے اوربے بنیاد پراپیگنڈہ کا جائزہ لیا جائے گا، اور سلسلہ میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔
قبل ازیں میڈیا سے بات چیت میں لیگی رہنما احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کو احتساب کی تاریخ میں لطیفہ قرار دیا تھا اور کہا کہ تھا کہ اب یہ لطیفے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جن الزامات پر انکوائری شروع ہوئی اب ان کا نام و نشان نہیں۔
پس منظر : نیب کا احسن اقبال کیخلاف ریفرنس
قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے ۔
نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے وفاقی حکومت کے فنڈز صوبائی منصوبے میں خرچ کروائے۔ احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کیا تھا جنہیں بعد میں عدالت سے ضمانت پر رہائی ملی تھی۔ نیب کے مطابق لیگی رہنما نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسپورٹس سٹی کمپلیکس تعمیر کرایا جس میں 6 ارب روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔