شائع 06 ستمبر 2021 09:00pm

لاہور: ٹک ٹاکرخاتون سے دست درازی، ملزمان کی دہائیاں

لاہور کی مقامی عدالت میں ٹک ٹاکر خاتون سے دست درازی معاملے پر شناخت ہونے والے چھ ملزمان عدالت میں پیش، ملزمان کی دھائیاں، کہا کہ واقعہ سے کوٸی تعلق نہیں پولیس نے گھر سے بُلا کر گرفتار کیا۔

لاہور کی مقامی عدالت میں گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون سے دست درازی کیس کی سماعت ہوئی۔ لاری اڈا پولیس نے شناخت ہونے والے چھ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

زیر تفتیش ملزم عابد نے عدالت کو بتایا کے اس کے پانچ بچے ہیں اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پارک میں گیا تھا۔ جبکہ اس کا چہرہ بھی کسی ویڈیو میں نہیں ہے۔ دیگر ملزمان نے بھی عدالت کو بیان ریکارڈ کروایا کہ وہ بے قصور ہیں انہیں گھر سے بلا کر گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت نے تحقیقات کیلئے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

خیال رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف ۔مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔

پولیس نے جن افراد کو حراست میں لیا ہے ان کی عمریں 18 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ حراست میں لیے جانے والے افراد کے موبائل فون نمبرز کی 14 اگست کو لوکیشن ٹریس کی جائے گی۔

Read Comments