عائشہ ثناء کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور کی سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس نے اداکارہ و میزبان عائشہ ثناء کے خلاف سائبر کرائم کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائمز سرکل کی جانب سے عائشہ ثناء کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عائشہ ثنا پر شہری یوسف بیگ مرزا کی فیملی کو بدنام کرنے کا الزام ہے۔
مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ادکارہ عائشہ ثنا نے میری بیوی اور بیٹی کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
مدعی کی جانب سے مزید کہنا تھا کہ عائشہ ثناء نے ایک ویب سائٹ پر بھی میری بیوی اور بیٹی کے خلاف مواد اپ لوڈ کیا، جس سے میری فیملی کی بدنامی ہوئی۔
سماعت کیلئے عدالت نے اداکارہ کو طلب کر رکھا ہے مگر وہ پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
اس سے قبل جولائی 2020 میں عائشہ کو دھوکہ دہی کے لیے عدالتوں میں طلب کیا گیا تھا۔ میزبان پر الزام تھا کہ انہوں نے مدعی سے 20 لاکھ روپے قرض لیا ، بعد میں قرض واپسی کے لیے انہیں جو چیک دیا گیا وہ باؤنس ہوگیا۔