محسن داوڑ نے این ڈی ایم کے نام سے نئی سیاسی جماعت تشکیل دیدی
پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ نے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے اپنی نئی سیاسی جماعت کا آغاز کردیا ۔
پارٹی کے پہلے باضابطہ اجلاس میں مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا۔
اس میں محسن داوڑ سینٹرل آرگنائزر کے طور پر خدمات سرانجام دینگے ، جبکہ مزمل شاہ کو جنرل سیکریٹری اور جمیلہ شاہ کو اس میں سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔ اسکے دیگر ارکان میں عبداللہ ننگیال ، ابراہیم خان ، ہارون بازئی، اعجاز اسلم ، اور طارق وزیر خان شامل ہیں ۔
محسن داوڑ نے دوہزار اٹھارہ کے انتخابات میں شمالی وزیرستان کی حلقہ این اے اڑتالیس سے فتح حاصل کی تھی۔
اس موقعے پر این ڈی ایم کے منشور کا اعلان بھی کیا گیا ، منشور میں دیگر بنیادی اصولوں کیساتھ اس میں ملک میں سیکولر وفاقی جمہوری پارلیمانی سسٹم کو پروان چڑھانا ہے۔
این ڈی ایم نے ریاستی وسائل کی تقسیم میں چھوٹے صوبے کو ملنے والے کم حصے کو بھی اپنے منشور کا حصہ بنایا ہے۔
پی ٹی ایم کا شمار ایک غیر سیاسی تحریک کے طور پر ہوتا ہے اور اسکا آغاز منظور پشتین نے پشتون بیلٹ میں رہنے والے پختونوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے کیا ہے۔ تاہم منظور پشتین کی جانب سے این ڈی ایم کی تشکیل پر تاحال کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔
کئی ٹوئٹر صارفین نے این ڈی ایم کی تشکیل پر نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔